وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ہماری حکومت کو کم وسیلہ طبقات کی مشکلات اورمسائل کا احساس ہے ۔کم وسیلہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت نے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں جن کے ذریعے کمزور طبقے کی فلاح پر پوری توجہ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے اورغربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے معاشی تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے کوششیں صاحب حیثیت افراد کی بھی اخلاقی، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے اور آج کے دن کا پیغام ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں.
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024