پاک بحریہ کی جانب سے بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں انسانی امداد اور ڈیزاسٹر ریلیف آپریشن کا انعقاد کیا گیا۔ پاک بحریہ کے دستوں نے امدادی کیمپس کا انعقاد کیا اور زلزلہ زدگان میں اشیائے ضروریات زندگی سمیت راشن بیگز کی تقسیم کی۔
امدادی آپریشن کا مقصدبلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ ضلع ہرنائی اور دیگر ملحقہ قصبوں اور دیہات کی امداد کرنا تھا۔ اس مقصد کی تکمیل کے لئے پاک بحریہ کے دستے دور دراز کے دیہی قصبوں/ دیہاتوں تک پہنچے اور ضروری امدادی سامان تقسیم کیا جس میں خیمے ، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاءشامل تھیں۔ ہزاروں راشن بیگز اور ادویات سمیت گھریلوسازو سامان کراچی سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ہرنائی کے مضافات میں واقع دیہات بشمول گھنڈ ولیج ، نیو جلال آباد ، اختر آباد اور سرکن میں امدادی کیمپس قائم کرنے میں مدد فراہم کی۔
کوئٹہ میں پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر کیپٹن محمد ایاز نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور متاثرہ آبادی میں ہزاروں امدادی پیکجز پر مشتمل خیمے ، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاءتقسیم کیں۔
پاک بحریہ قدرتی آفات کے دوران ہر ممکن انسانی امداد کی فراہمی میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ضلع ہرنائی میں ریلیف آپریشن ضرورت کی گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے ۔