حکومت مدت پوری کریگی‘ لوگ وزیراعظم سے مہنگائی کا گلہ کرتے ہیں: شیخ رشید
ملتان، بہاولپور (سپیشل رپورٹر، آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت پانچ سال کے لیے آئی ہے اس سے پہلے وہ کہیں نہیں جا رہی، اپنی مدت پوری کریں گے۔ جمعرات کو بہاولپور ماڈل سٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ حسن ابدال ریلوے سٹیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔ ہم ریلوے کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ رواں ماہ کے آخر میں ایم ایل ون کا ٹینڈر بھی ہو جائے گا۔ ریلوے سے بہت کرپشن ختم کی ہے اور مزید بھی ختم کریں گے۔ آج کل ہر شخص پریس کانفرنس میں ہی پھنسا ہوا ہے۔ جبکہ حزب اختلاف کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے ہم دسمبر میں جا رہے ہیں اور کوئی جنوری کا وقت دے رہا ہے لیکن میں سب کو بتا دوں ہم کہیں نہیں جا رہے کیونکہ ہم 5 سال کے لیے آئے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل، ہسپتال اور گھر جانے کا پتہ ہوتا ہے کیونکہ وہ ماہر شخصیت ہیں اور ان کا ٹائم ٹیبل سیٹ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اقتدار چھوڑ سکتا ہے لیکن این آر او نہیں دے سکتا۔ شیخ رشید نے کہا کہ 31دسمبرسے پہلے جھاڑو پھرے گی۔ یہاں لیڈرز پریس کانفرنس کر رہے ہیں لیکن پکڑے کارکنان جا رہے ہیں۔ شیخ رشید نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے کارکنان کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان خود لندن میں بیٹھے ہیں اور عوام کو سڑکوں پر آنے کا کہہ رہے ہیں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے، لوگ عمران خان سے نفرت نہیں کرتے لیکن مہنگائی پر ان سے گلہ ضرور کرتے ہیں۔ کرونا کی وجہ سے عارضی طور پر معطل کی گئی تمام ٹرینوں اور ان کے ختم کیے گئے سٹاپ بحال کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ شالیمار ایکسپریس کو ملتان ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کرنے کی بھی اجازت دی جاتی ہے۔ لوگوں کو بھی شالیمار ٹرین پر سفر کی سہولت میسر ہوسکے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی کی چینی وفد سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن کو ہدایت کی ہے کہ ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں جائز اضافہ کردیا جائے۔ کرایوں میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے کرایوں میں کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام مکمل ہے ہمارے انجن اور کوچز تیار ہیں اس حوالے سے سندھ حکومت اپنا کام مکمل کرے۔ جب تک میں ریلوے کا وزیر ہوں کسی ریلوے ملازم کو ریلوے سے نہیں نکالا جائے گا۔