جنرل باجوہ سے عمان کے فوجی سربراہ کی ملاقات، دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کامیابیوں کو سراہا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں ملکوں کے مابین دفاعی تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عمان کے فوجی سربراہ کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، معزز مہمان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اوردفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد نے پاک فوج کی دہشت گردی کیخلاف کامیابیوں کو سراہا اور پاکستانی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کے بعد شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔