بچوں کو حبس بے جا میں رکھنا،والدین پر تشدد گھناؤنا فعل ہے:پی ایم اے
لاہور(نیوزرپورٹر)گراؤنڈ میں کھیلتے بچوں کو حبس بے جا میں رکھنا اور والدین پر بہیمانہ تشدد ایک غیر انسانی، غیر اخلاقی اور گھناؤنا فعل ہے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی نام نہاد انتظامیہ کی غنڈہ گردی اور تھانہ مناواں کا خاموش تماشائی کا کردار قابل مذمت ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ ان غنڈہ گرد عناصر کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ پی ایم اے لاہور کی انسانی حقوق کی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کی۔پی ایم اے لاہور کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے لاہور کے ایڈمن آفیسر اور ہمسایوں کے بچے سوسائٹی کے گراؤنڈ میں کھیل رہے تھے کہ انتظامیہ کے مسلح گارڈز انہیں اغواکر کے لے گئے اور حبس بے جا میں رکھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں بچوں کے والدین سے ٹیلی فون کر کے بچوں کے گراؤنڈمیں کھیلنے کا تاوان مانگا اور والدین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔تھانہ مناواں کی پولیس اطلاع ملنے کے باوجود ان غنڈہ گرد عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ پی ایم اے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتی ہے کہ بچوں اور والدین پر تشدد کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔