مغربی میکسیکو میں فائرنگ، 14اہلکار ہلاک، 3زخمی
میکسکو سٹی(آن لائن)مغربی میکسیکو میں فائرنگ سے 14 پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ریاست مشوکان کے علاقے ال اگواج میں پولیس اہلکار عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرانے جارہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے پر گھات لگاکر حملہ کیا گیا۔حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد ان کی گاڑیاں بھی نذر آتش کردیں اور پھر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔اس حملے میں طاقتور جرائم پیشہ گینگ جالسکو نوا کے ملوث ہونے کا امکان ہے جس کا سربراہ ایک ہفتے قبل مقامی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔میکسیکو منشیات فروشی سے متاثرہ اور لاقانونیت کا شکار ملک ہے جہاں گزشتہ سال فائرنگ اور دیگر واقعات میں 29 ہزار شہری ہلاک ہوئے تھے۔