بدترین گناہ سے بچیئے
مکرمی! آجکل معاشرے میں ہم دیکھتے ہیں کہ چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر اختلاف کرکے ہم نہ صرف اپنے دوستوں‘ پڑوسیوں‘ رشتے داروں بلکہ بسا اوقات اپنے سگے بھائی‘ بہنوں اور والدین سے قطع تعلق کر لیتے ہیں اور ہمیشہ کیلئے نہ ملنے کی قسمیں کھا لیتے ہیں۔ یہ اسلام کی تعلیمات کے سخت خلاف ہے۔ رسولؐ نے صلہ رحمی یعنی رشتے داروں سے اچھا سلوک کرنے کی خاص تاکید کی ہے۔ صحیح بخاری ’’میں حضرت جبیر بن معطم سے روایت ہے کہ آپ ؐنے ارشاد فرمایا قطع رحمی کرنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔‘‘ خدا را آپ اپنے پیارے رشتوں کا احترام کریں اور ان کو صبروتحمل‘ برداشت کے ساتھ اللہ اور رسولؐ کے احکامات کے مطابق اسے جوڑ کر رکھیں اور قطع رحمی کے بدترین گناہ سے بچیں۔ (راجہ منظور احمد۔ لاہور)