وزیر ریلوے نے رواں سال 10 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا اور اسی کے تحت انہوں نے آج مزید دو ٹرینوں کا افتتاح کیا، ایک ٹرین سکھر سے خانپور اور دوسری روہڑی سے کوٹری تک چلے گی۔
ٹرینوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے میں ملک میں ٹرینوں کا جال بچھاؤں گا۔ پاکستان ریلوےکی مال ٹرینوں کو دگنا کروں گا اور روہڑی سے کوٹری موہن جودڑو ایکسپریس بھی چلائی جائے گی۔وزیر ریلوے نے کہا کہ میرے پاس جو بھی اختیارات ہیں انہیں بروئے کار لاؤں گا۔ پاکستان ریلوےکو سی پیک منصوبے میں اہم کردار حاصل ہوگا اور چین کے ساتھ ایم ایل ٹو پر بھی بات کروں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ جتنی غربت سکھر میں دیکھی پاکستان میں کہیں نہیں دیکھی۔ کرپشن کرنے والا اس شہر میں معزز بن جاتا ہے اور کرپشن بڑے آدمی کے ماتھے کا جھومر بن گئی ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ محکمے کے مزدوروں کو مراعات فراہم کریں گے۔ ڈی ایس ریلوےکو کہا ہے کہ غریب کو ہاتھ نہ لگاؤ اور امیر کو چھوڑو نہیں۔