ملتان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ندیم ارشاد کیانی
ملتان( خبرنگار) کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ اچھی ایڈمنسٹریشن کیلئے باہمی روابط ضروری ہیں جن کی بدولت انتظامیہ میں بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے، ملتان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ سی پیک منصوبہ کے فنکشنل ہونے سے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ اینٹی انکروچمنٹ مہم کو عوام نے سراہا ہے، ملتان کے شہری پرامن اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہیں، تمام فرقوں میں ہم آہنگی موجود ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں مختلف محکموںکے افسروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرز سرفراز احمد، تنویر اقبال بھی موجود تھے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ملتان میںلاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ یہاں کی اجناس کو عالمی منڈی تک رسائی دی جائے تو یہ خطہ ملکی زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، شہریوں کو صاف پانی اور متبادل توانائی کی ضروریات کی فراہمی کیلئے منظم حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے فیسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام سے عوام کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ مقامی پھلوں کی بیرون ممالک ترسیل ہماری ترجیح ہے، فیڈر بسوں بارے شکایات کو دور کیا جا رہا ہے، نیا بلدیاتی نظام عوامی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔