ملتان: سفید چھڑی کا عالمی دن‘ سماجی‘ سیاسی اور سپیشل ایجوکیشن سیکٹرز کے زیراہتمام واک و سیمینار کا انعقاد
ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان کے سماجی سیاسی اور سپیشل ایجوکیشن سیکٹر میں نابینا افراد کا عالمی دن نئے عہدوپیما کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر واک‘ ریلی‘ سیمینار اور نابینائوں کی جدوجہد کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ چوک کمہارانوالا میں جنوبی پنجاب کے نابینا افراد نے قائم خان کرمانی کی قیادت میں ریلی نکالی اور مقررین نے اپنے حقوق کے لئے ڈی سی ملتان کو گزارشات بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ڈی سی ملتان نے نابینا افراد کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کو زندگی کے تمام شعبوں میں کوٹے کے مطابق روزگار کے بھرپور مواقع دئے جا رہے ہیں دریںاثناء اسی سلسلے میں گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ برائے نابینا ملتان میں یوم سفید چھڑی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد فخراقبال تھے صدارت کے فرائض پرنسپل ساجدعلی انصاری نے سرانجام دئے جبکہ مہمانان اعزاز میجر (ر) محمداقبال چغتائی اور رائو محمدعارف رضوی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد فخراقبال نے کہا کہ نابینا افراد کی صلاحیتوں کا اعتراف ہر سطح پر کیا جاتا ہے انہیں بہتر مواقع دے کر معاشرے کا بہترین فرد بنانے میں معاونت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں تقریری مقابلہ جات میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات و انساد بھی تقسیم کی گئیں۔ نابینا بچوں نے مختلف سٹال بھی لگائے مزید برآں نابینائوں کے عالمی دن کے حوالے سے محمدبن قاسم بلائنڈ ویلفیئر کمپلیکس میں بھی تقری منعقد ہوئی اور تاجر تنظیموں کی مشاورت سے ریلی بھی نکالی گئی۔ یہ واک حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کے اشتراک سے منعقد کی گئی جس کی قیادت سی ٹی او ملتان محمد معصوم‘ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا جاوید‘ محمدقائم خان کرمانی‘ سعدیہ کرمانی‘ ڈاکٹر سعیداحمد سٹی لائنز کلب ملتان‘ مارکیٹنگ منیجر شمع عمران اعظمی‘ اشفاق ندیم‘ انجینئر ممتاز اور عہدیداران انجمن تاجران چوک کمہارانوالہ نے کی۔ واک نابینا سنٹر سے شروع ہو کر ریسکیو سنٹر سے ہوتی ہوئی محمدبن قاسم بلائنڈ سنٹر پر اختتام پذیر ہوئی اس موقع پر سی ٹی او محمدمعصوم‘ انجینئر ممتاز‘ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا جاوید‘ بانی ادارہ محمدقائم خان کرمانی‘ ادارے کی ڈائریکٹر سعدیہ کرمان نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سٹی لائنز کلب ملتان کی جانب سے نابینا افراد میں سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں۔