محمد عباس سپیڈ کم ہونے کے باوجود تسلسل کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں : مچل سٹارک
سڈنی (این این آئی)آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس کے مداح بن گئے ہیں اور کہا ہے کہ محمد عباس سپیڈ کم ہونے کے باوجود تسلسل کے ساتھ بولنگ کرتا ہے، اس نے ہماری ٹیم کے دفاع کو چیلنج کیا ہے۔ایک انٹرویو میں مچل سٹارک نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میں عباس نے عمدہ بولنگ کی، محمد عباس کی بولنگ کے دوران فیلڈ سیٹنگ کو بغور نوٹ کیا ہے۔ سٹارک نے کہا کہ عباس کی سپیڈ زیادہ نہیں ہے تاہم انہوں نے ہماری ٹیم کے دفاع کو چیلنج کیا ہے ، عباس کی بولنگ کے خلاف ایک پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی ہے۔مچل سٹارک کا کہنا ہے کہ ہمیں تسلیم کرنا پڑے گا کہ آسٹریلیا کی طرز پر یہاں اٹیکنگ بولنگ نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے مکمل فٹ اور تیار ہیںاور اب ایک مختلف بولر نظر آئیں گے۔