کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ سے 8 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوان منان وانی کی شہادت پر چوتھے روز بھی ہڑتال کی گئی۔
2016ء میں برہان مظفر وانی کی بھارتی فورسز کی بربریت کے باعث شہادت کے بعد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نئی مہمیز ملی ۔ وہ بھارتی ظلم و جبر کو خاطر میں نہیں لا رہے۔ صدر آزاد کشمیر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران جان لیں ایک منان وانی کو شہید کریں گے تو 100 وانی پیدا ہونگے۔ مظفر وانی کی شہادت کے بعد ایسا ہی ہو رہا ہے۔ حریت پسند بھی بھارتی فورسز کو سکھ کا سانس نہیں لینے دے رہے۔ ان کو موقع ملتا ہے تو اڑی چھاؤنی جیسے واقعات وقوع پذیر ہوتے ہیں۔ کشمیریوں کو رائے دہی کا حق اقوام متحدہ کے چارٹر میں دیا گیا ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے سے انکاری ہے جبکہ مذاکرات کی حمایت بھارت کی کٹھ پتلی جماعتیں بھی کرتی ہیں۔ فاروق عبداللہ نے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کے پراپیگنڈے سے باز رہے۔ وادی میں کوئی دہشتگردی نہیں ہو رہی کشمیری اپنا حق آزادی مانگتے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ بھارت مذاکرات کی میز پر آنے کے لئے تیار نہیں وہ ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے۔ اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ پامالی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہوتی ہے۔ طرفہ تماشہ ہے کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی سربراہی دیدی گئی ہے جو دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھانے کے مترادف ہے۔ اس پر پاکستان کی طرف سے سرسری نہیں شدید احتجاج کیا جانا چاہئے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024