سرکاری زمینوں کی واگزاری
مکرمی! وزیراعظم کا قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ حکومت سرکاری زمینوں پر قبضے واگزار کروا کر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لائے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت ترین عملی اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی قبضہ کی جرات نہ کر سکے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی سی شیخوپورہ سے التماس کرتے ہیں کہ نارنگ منڈی میں اربوں روپے کی پراپرٹی پر بااثر قبضہ گروپ کا راج ہے۔ حکومت دیگر شہروں کی طرح یہاں بھی سختی سے آپریشن کرے تا کہ قبضہ گروپ کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے نارنگ منڈی میں باب خرم گلفام سے حیدری چوک تھانہ روڈ پر بھی قبضہ مافیا کا راج ہے۔ گزشتہ سال انتظامیہ نے سرخ نشان لگا کر عمارتوں کو مسمار کرنے کا حکم دیا لیکن آج تک قبضہ گروپ کے اثر و رسوخ کے باعث اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ناجائز تجاوزات کے منصفانہ خاتمہ کے لیے حکومت کو عملی طور پر ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔)محمد ابراہیم… نارنگ منڈی(