مکئی کی پیدوار میں اضافے پر توجہ نہ دی گئی تو گندم کی طرح بحران پیدا ہو سکتا ہے،ماہرین
اسلام آباد(نا مہ نگار)زرعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مکئی کی پیدوار میں اضافے پر توجہ نہ دی گئی تو گندم کی طرح مکئی کا بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے جو پولٹری سمیت دیگر شعبوں کو شدید متاثر کرے گا ،مکئی کا جی ایم بیج استعمال کر کے اس کی پیدوار میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔پاکستان میں زراعت کے شعبے میں بہتری ،جدت اورکاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے کام کرنیوالی بین الاقوامی تنظیم کراپ لائف کی طرف سے ورکشاپ کا انعقادکیاگیا، دو روزہ ورکشاپ میں زرعی ماہرین نے زراعت کے جدید طریقوں،زراعت کو مسائل اور ان کے حل پر بحث کی اورگروپ ڈسکشن کی گئی، دو روزہ ورکشاپ میں لاہور اوراسلام آباد سے ایگری کلچر رپورٹرز کو مدعوکیاگیاتھا۔ورکشاپ کے دوران زرعی ماہرین اوراین جی اوز کے نمائندوں نے بریفنگ دی ۔ مختلف سیشنز میں کراپ لائف اور اس کی ممبرکمپنیوں کے نمائندوں جن میں رشیداحمد، عاطف کمال، عظیم نیازی، محمدعاصم، مرتضٰی قدوسی،طلال حکیم ودیگرشامل ہیں انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے لئے جدیدٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیرہے ، ڈرون ٹیکنالوجی سمیت دیگر ذرائع استعمال کرنا ہوں گے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف فصلوں خاص طورپرکپاس اورمکئی کے لئے ہائی بریڈ بیج کے ساتھ ساتھ جینیٹکلی موڈی فائیڈ(جی ایم ) بیج کے استعمال کی اجازت ملنی چاہیے۔