اسلام آباد کے پارکس کی تزئین و آرائش مستحسن قدم ہے، اسرار الحق مشوانی
اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی) فیڈریشن آف رئیلٹر پاکستان کے رہنماء اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن کے سی ڈی اے کے لیے کوآرڈینیٹر اسرار الحق مشوانی نے کہا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے پارکس کی تزئین و آرائش ایک مستحسن قدم ہے مگر سی ڈی اے کے چیئرمین اس کام کے معیار پر سمجھوتہ نہ کریں اگر ایسا ہوا تو یہ عمل بجٹ کی بربادی ہوگی اپنے بیان میں انہوں نے اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول منعقد کرانے کے لیے بھی ضلعی انتظامیہ‘ سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے فیصلے کو سراہا انہوں نے کہا کہ شاپنگ فسٹیول اسلام آباد سے شہر کی قسمت بدل جائے گی اور اس فیصلے سے بے پناہ کاروباری سرگرمیاںفروغ پائیں گی شاپنگ فیسٹیول شہریوں کے لیے خوشخبریاں لائے گا انہوں نے کہا کہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر ہوتی رہنی چاہئیں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تمام کاروباری ایسوسی ایشنز اور چیمبرز اپنی بساط کے مطابق اس فیسٹیول میں بہتری لانے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔