'پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے نواز شریف کے لیے دعائیں کیں، حکومتی تاخیری حربے آج ختم ہوگئے ہیں:شہبازشریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کی غرض سے پاکستان سے جانے کی اجازت دے دی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ نے اربوں روپے کے اینڈمنٹی بانڈ کی حکومتی شرط کو نامنظور کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'عوام کی دعائیں رنگ لے آئیں ہیں اور لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو انسانی حقوق کی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ 'پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے نواز شریف کے لیے دعائیں کی تھیں'۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کا علاج اور بیماری کی تشخیص، جو فوری ہونا چاہیے تھی، اس میں حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے'۔انہوں نے دعا کی کہ 'اللہ تعالیٰ نواز شریف کے سفر کو مبارک کرے اور میاں نواز شریف صحت یاب ہوکر وطن واپس آئیں'۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے غیر مشروط طور پر 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے اور غیر مشروط طور پر باہر جانے کے لیے دی گئی درخواست پر ان کے حق میں فیصلہ سنادیا۔عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے لگائے گئے 7 ارب روپے کے بونڈز کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے تو اس شرط کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلانے کی درخواست منظور کی تھی جس پر باقاعدہ سماعت کا آغاز آج صبح 11 بجے شروع ہونی تھی تاہم سماعت کا آغاز 30 منٹ کی تاخیر سے ہوئی اور اس میں ابتدائی دلائل کے بعد متعدد مرتبہ سماعت ملتوی کی گئی تھی۔