ملک میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آ گئے‘ آصفہ بھٹو کی تنقید
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں پولیو کے چار نئے کیسز سامنے آ گئے۔ ضلع لکی مروت میں تین بچے پولیو وائرس کا شکار ہو گئے جبکہ کراچی میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سال سندھ میں پولیو کے دس کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ بے نظیر بھٹو شہید کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پولیو کے بڑھتے کیسز اور ایچ آئی وی کو چھپانے جیسے معاملات پر بات کے بجائے میرے متعلق جھوٹ بولا جارہا ہے، ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ڈاکٹروں پر تشدد اور بچوں سے زیادتی کے مجرم کو خیبر پی کے میں سرکاری نوکری دینے کے بجائے میرے متعلق جھوٹ بولا جارہا ہے، مخصوص نیوز چینل نے جھوٹ کو مجھ سے منسوب کرنا طے کرلیا ہے اور دیگر نیوز چینلز اندھا دھند اس کی پیروی کررہے ہیں، میڈیا کے اداروں کو یا تو ثبوت دینا چاہئیے یا مجھ سے معافی مانگنی چاہئیے، اسٹوریز گھڑ کر خاص طور پر مجھے ٹارگٹ کرنے کے بجائے وفاقی حکومت سے دریافت نہیں کیا جاتا کہ وہ کیوں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہیں بنارہی۔