بھارت نفسیاتی دبائو میں ، پیسہ استعمال کر کے دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نفسیاتی دبائومیں ہے، اس کی معیشت کا گراف گر رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا امریکی کانگریس کہتی ہے کہ بین الاقوامی صحافیوں کو مقبوضہ وادی کشمیر جانے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کشمیر کی اصل آواز کشمیری ہیں، سب سے بڑی قربانی وہی دے رہے ہیں جو بھارت کے جبر کو برداشت کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارتی فیصلے پر دنیا بھر میں تنقید ہو رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 100 سے زائد روز سے کرفیو نافذ ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کشمیریوں کی آواز بنے ہوئے ہیں، جبکہ اس وقت پاکستان کا دفترِ خارجہ بھی کشمیریوں کی ترجمانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا ہمنوا اور اس معاملے میں فریق ہے، جو کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی مدد کر رہا ہے۔ بھارت کا مکروہ چہرہ واضح ہوتا جا رہا ہے، جو پیسہ استعمال کر کے دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے۔