عدم استحکام کی ہر سازش ناکام، حکومت مدت پورے کرے گی: گورنر سرور
لاہور+ اسلام آباد(نیوز رپورٹر+ سٹاف رپوٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان اور حکومت 2023ء تک آئینی مدت پوری کرے گی۔ ہم نے آئین وقانون کی حکمرانی اور شفافیت پر پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ عوام کو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر اعلی پنجاب کے مشیر ایم پی اے حنیف پتافی سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو تیزی کیساتھ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ 37ہزار پوائنٹس کی بلندی کو عبور کر رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کا رخ کر رہے ہیں مگر کچھ لوگوں کو یہ سب کچھ ہضم نہیں ہورہا ہے اور وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے آئے روز کوئی نیا پلان بناتے ہیں۔ لیکن پاکستانی عوام آج بھی حکومت کیساتھ کھڑے ہیں اور ان شاء اللہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور انسانیت کے قتل عام کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ان شاء اللہ انکی تحریکیں آزادی کامیاب ہوں گی۔ اسرائیل اور بھارت سن لیں وہ فلسطین اور کشمیر میں بندوق اور گولی کی طاقت سے تحر یک آزادی کو خاموش نہیں کرواسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین اور بھارت کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے مگر اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ اگر حالات یہی رہے تو دنیا امن کو ترسے گی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے ماموں زاد بھائی نواب ریاض حسین قریشی کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔