مسلم لیگ (ن) پنجاب کا اجلاس‘ خالی عہدے فوری ‘ تنظیم سازی رواں سال ہی مکمل کرنیکا فیصلہ‘ نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کا ماڈل ٹاون میںتنظیم سازی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ جس میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری، نائب صدر شیخ آفتاب، عظمیٰ بخاری، ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، سائرہ افضل تارڑ، وارث کلو، ذیشان رفیق، سمیع اللہ خان، تنویر اسلم اعوان، میاں مرغوب احمد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور، راولپنڈی، سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی‘ جبکہ پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی اور پارٹی کو مزید فعال کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کے تمام ڈویژن کی میٹنگ روزانہ کی بنیاد پر ہونگی۔ خالی عہدوں کو پر کرنے کیلئے پارٹی سے مخلص اور وفادار کارکنوں کو ترجیحی دی جائے گی۔ خالی عہدوں کو جلد از جلد پر کرنے کیلئے تمام سفارشات اکٹھی کی جائیں گی۔ پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی رواں سال میں ہی مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔