ایف بی آر نے زیورات اور جائیداد کی خریدوفروخت کیلئے شناختی کارڈ، بینک اکائونٹ کی شرط رکھ دی
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جیولری اور پراپرٹی کی خرید وفروخت کیلئے مسودہ تیار کر لیا جس کے تحت جیولری کا کاروبار کرنے والوں کو خریدار کی معلومات رکھنا لازم ہو گا۔ اسٹیٹ ایجنٹس پراپرٹی کے خریدار کی معلومات رجسٹرڈ کریں گے۔ جیولری اور پراپرٹی کے خریداروں کے ذرائع آمدن بھی پوچھے جائیں گے۔ ایف بی آر نے زیورات اور جائیداد کی خریدوفروخت کیلئے شناختی کارڈ، بینک اکائونٹ نمبر، مالیت اور دیگر معلومات لینے کی شرط رکھ دی ہے۔ تمام ادائیگیاں بینک اکائونٹ کے ذریعے کی جائیں گی۔ دکاندار آپس کے لین دین میں سیلز ٹیکس نمبر لکھنے کے پابند ہوں گے۔ ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذرائع آمدن کی بتانے کی شرط کو مسودے کا حصہ نہ بنایا جائے۔ علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے طریق کار پر ویڈیو جاری کردی، ویڈیو سے ٹیکس گزار سالانہ گوشوارے آسانی سے داخل کر سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے طریق کار پر ویڈیو جاری کردی۔ سالانہ گوشوارے داخل کرنے کی ویڈیوز 6 حصوں پر مشتمل ہیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں ٹیکس ریفنڈ کا طریقہ سہل انداز میں بتایا گیا ہے۔