نواز شریف کی صحت کے معاملہ میں تاخیر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پلیٹ لیٹس کم ہونے کی تشخیص کے بغیر سٹیرائڈز اور دیگر ادویات دے کر بہت بڑا خطرہ مول لیا جا رہا ہے۔ طبی لحاظ سے باربار سٹیرائڈز کی ہائی ڈوز اور ادویات کے ردوبدل کے انتہائی خطرناک اثرات ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹرز نے پھر خبردار کیا ہے کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے میں مزید تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹرزکو خدشہ ہے کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کی کوشش میں ہارٹ اٹیک، گردوں اور دیگر اعضا کے متاثر ہونے کے خطرات میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر نے واضح کیا ہے کہ جلد ہی نواز شریف کو بیرون ملک منتقل نہ کیا گیا تو معاملہ پاکستانی ڈاکٹرز کے ہاتھ سے نکل جائیگا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ شریف میڈکل بورڈ کے ڈاکٹرز کا اجلاس اور محمد نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا ہے۔ ڈاکٹرز نواز شریف کے جسم پر ادوایات کے ظاہر ہونے والے سائیڈ ایفیکٹس اور سوجن میں کمی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے پھر خبردار کیا ہے کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے میں مزید تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔