بابری مسجدکی جگہ مندر تعمیر کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے: ڈاکٹر راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے خطبہ جمعہ میں کہاہے کہ بابری مسجد پر مندر کی تعمیر کابھارتی عدالت کافیصلہ قابل مذمت ہے، بھارت میں ہندو انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے، مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک برتا جا رہا ہے، انہیں جبروتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اقلیتیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بن رہی ہیں،بابری مسجد کا ہندوئوں کے حق میں فیصلہ سنا کر بھارتی سپریم کورٹ نے ایک بار بھر مسلمانوں کے جذبات کا خون کیا ، بابری مسجد کی جگہ مندر تعمیر کیا جائیگا جوقابل مذمت ہے اس پر عالم اسلام کو بھرپور نوٹس لینا چائیے اور اس افسوس ناک واقعہ کی مذمت بھی کریں۔انکا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا میں نسلی، علاقائی اورثقافتی جھگڑے زورپکڑرہے ہیں، دنیا تعصبات اورباہمی استحصال کی طرف بڑ ھ رہی ہے، ان حالات میں نبی کریم ؐکی روشن تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔نبی کریم ؐ امن وسلامتی کے پیکر اورانسانی فلاح وبہبود کے علمبردار تھے۔آپؐنے اپنے عظیم کردار سے دنیا میں امن کی بنیاد رکھی،مسلم اقوام نبی کریمؐکی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکرہی اغیار کامقابلہ کرسکتی ہیں۔