اساتذہ‘ ڈاکٹر‘ تاجر‘ عوام حکومت کیخلاف سڑکوں پر ہیں:چودھری اسلم گل
لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے سنیئر نائب صدر چودھری محمد اسلم گل اور ذونل صدر صداقت شیر وانی نے کہاہے کہ حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو گئی ہے۔ تاجروں ، اساتذہ اور ڈاکٹروں سمیت عوامی احتجاج نے حکومت کے دل کی دھڑکن مدھم کردی ہے ۔ حکومت کے خلاف لوگوں کے احتجاج کا کریڈٹ بھی حکومت کو ہی جاتاہے۔ ملک پر عشروں سے مسلط ظلم و جبر کے نظام کو ختم کیے بغیر عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ۔ جب تک یہ لوگ موجود ہیں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا رہے گا ۔ جب تک سرمایہ داراور جاگیردار اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، غریب کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں آسکتا ۔ ان کی سیاسی موت پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے از حد ضروری ہے ۔ حکومت احتساب میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اگر حکومت احتساب کرتی تو سب سے پہلے احتساب کے شکنجے میں وہ لوگ آتے جو اس کی بغل میں بیٹھے ہیں ۔