ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار معیشت درست نہ کرسکے:عبدالغفارروپڑی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران ملکی معیشت میں بہتری لانے میں مکمل ناکام ہیں ، اس کی بڑی وجہ ملک میں رائج سودی نظام ہے جب تک سودی نظام سے چھٹکارا نہیں مل جاتا ملکی معیشت میں بہتری نہیں آ سکتی،مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر کے بھارت ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جامع القدس طوک دالگراں میںجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دھانے تک پہنچ چکی۔ بدترین صورتحال میں ملک کسی بھی طرح کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امن پسند احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو بزور طاقت روکنے کی بجائے کارکردگی دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے درمیاں محاذ آرائی ملکی معیشت کیلئے نقصاان دہ ہے حکمران جماعتیں جمہورت میںہمیشہ اپوزیشن کی تنقید کو برداشت کرتی ہیں۔