ٹی ٹین لیگ سے روک کر بورڈ نے کرکٹرز کا معاشی قتل کیا :نعمان بٹ
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹی ٹین میں شرکت سے روک کر بورڈ نے کرکٹرز کا معاشی قتل کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے غلط فیصلوں سے ملکی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ پہلے کرکٹرز کے لیے اندرون ملک کھیل کے دروازے بند کیے گئے اب بیرون ملک کرکٹ لیگز میں شرکت سے روکا جائے گا تو وہ زندگی کیسے گذاریں گے۔ محکمہ جاتی کرکٹ کے خاتمے کے بعد کئی باصلاحیت کرکٹرز بیروزگار ہو چکے ہیں اب ان کی کمائی کا ایک اور جائز ذریعہ بند کرنا ظالمانہ فیصلہ ہے۔ جب تک یہ غیر پیشہ ور اور نااہل انتظامیہ رہے گی اس وقت تک بہتری کی کوئی توقع نہیں کی جا سکتی۔ کرکٹرز کے لیے پیسہ کمانے کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف بورڈ آفیشلز کے بھاری معاوضوں پر کرکٹ بورڈ کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی نے پہلے ٹی ٹین کے لیے این او سی جاری کیے پھر کسی کے کہنے پر منسوخ کر دیے اس طرح کے فیصلوں سے بین الاقوامی سطح پر بھی پی سی بی کی ساکھ خراب ہو رہی ہے۔ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرکٹرز کے معاشی مستقبل کا تحفظ یقینی بنائے اس میں وہ خود تو ناکام ہے لیکن کھلاڑیوں کے جو جائز ذرائع ہیں انہیں بھی بند کیا جا رہا ہے۔ چند افراد کی تنخواہوں پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں قومی اداروں کو خزانے کے ضیاع پر نوٹس لینا چاہیے۔