وزیر اعظم کی ذاتی توجہ کیلئے
مکرمی! پاکستان سٹیزنز پورٹل کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق 87 فیصد شکایات حل کر دی گئی ہیں۔ میں نے بحیثیت صدر پنجاب گورنمنٹ پنشنرز فرنٹ حکومت پنجاب کے ریٹائرڈ ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی رقم کی عدم ادائیگی کے سلسلہ میں ایک درخواست -19 دسمبر 2018ء کو بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک وزیر اعلیٰ ، پنجاب / چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر اعظم کے شکایات سیل پاکستان سٹیزنز پورٹل ارسال کیں۔ اس کے بعد دو عدد یادہانی خطوط -14 مارچ اور یکم اکتوبر مندرجہ بالا ترتیب سے بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کئے۔ تقریباً ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کسی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ بلوچستان کے ریٹائرڈ ملازمین اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں مگر صوبہ پنجاب کے ریٹائرڈ ملازمین کو دانستہ نظر انداز کیا جا رہا ہے جو سراسر ظلم ہے اور ریاست مدینہ کے اصول / نظریہ کی نفی کرتا ہے کیا وزیراعظم صاحب اس معاملے کا نوٹس لیں گے۔ (عبدالحق …صدر پنجاب گورنمنٹ پنشنرز فرنٹ 310 ۔ کریم بلاک ۔ علامہ اقبال ٹائون لاہور)