جو لیڈر یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں,شہباز شریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بنانا ملک سے مذاق ہوگا‘ کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنا سکتے‘ شہباز شریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے‘ نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ چکا ہے جس سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے‘ احتساب قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے صحافیوں اور کالم نگاروں نے ملاقاتوں کے دوران پی اے سی کے چیئرمین کے حوالے سے پوچھا گیا کہ اپوزیشن کے ساتھ کئی معاملات طے ہونے جارہے ہیں کہ نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو اس وقت کرپشن الزامات کا سامناہے ہم شہباز شریف کو کیسے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا سربراہ بنا سکتے ہیں جس کا کام ہی کرپشن کے خلاف کام کرنا ہے۔ کسی صورت یہ فیصلہ نہیں ہوگا اپوزیشن جتنا مرضی احتجاج کرلے۔ عمران خان نے کہا کہ نیب کو چھوٹے چھوٹے مقدمات کے پیچھے جانے کی بجائے بڑے بڑے مگر مچھوں کے پیچھے جانا چاہئے۔ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے نیب سے حکومتی رابطہ ہوسکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں آنے والے دنوں میں نیب کی کارکردگی اور بہتر ہو احتساب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے۔