اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت آج پھر ہو رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف آج بھی اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نواز شریف اب تک عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 90 سوالات کے جوابات دے چکے ہیں جب کہ مزید 61 سوالات کے جوابات دیں گے۔ گزشتہ روز نواز شریف نے 45 سوالات کے جوابات عدالت میں جمع کرائے تھے۔
عدالت کی جانب سے نوازشریف کو مجموعی طور پر 151 سوالات دیے گئے ہیں اور سابق وزیراعظم کا بیان 342 کے تحت ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
احتساب عدالت کی جانب سے فلیگ شپ ریفرنس میں 18 اور العزیزیہ میں 22 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں جب کہ احتساب عدالت نے ریفرنس کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کے لے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
احتساب عدالت میں ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں نوازشریف نے کہا کہ میری جلاوطنی کے دنوں میں نیب نے غیر قانونی طریقے سے ہماری خاندانی رہائش گاہ کو تحویل میں لے لیا اور صبیحہ عباس اور شہباز شریف کے نام جائیداد کے کاغذات بھی قبضے میں لیے تھے۔