دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ریڈ بال فارمیٹ میں آج ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین 16 سے 20 نومبر تک شیڈول کیا گیا میچ آج دن 11 بجے ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، مختصر فارمیٹ میں کلین سوئپ اور ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر کرنے کے بعد قومی ٹیم ٹیسٹ میچ میں بھی کیویز کو ٹف ٹائم دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
کرکٹ تجزیہ کار بابر اقبال نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم اس وقت فارم میں ہے، انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل ٹاس بھی کافی اہمیت کا حامل ہے، ٹاس جیتنے والی ٹیم ابو ظہبی کرکٹ گراؤنڈ کے مزاج کے مطابق پہلے بیٹنگ کرے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کافی مشکل ہوگی۔ گزشتہ روز ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہمان اسکواڈ ٹیسٹ فارمیٹ میں کافی مضبوط ہے، خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی تجربہ کار ہیں، ہمیں ان کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔
ٹیسٹ سیریز، پاکستان کا پلڑا بھاری
دونوں ملکوں کے درمیان کھیلی گئی 22 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان نے تیرہ اورنیوزی لینڈ نے صرف تین سیریز جیتی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 55 میچوں میں سے پاکستان نے 24 میچوں میں فتح سمیٹی اور کیویز نے 10 میچوں کا نتیجہ اپنے نام کیا جب کہ 10 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
کین ولیم سن زیادہ تجربہ کار کپتان
قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے7 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیے ہیں جن میں سے تین میچوں میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ ایک ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
کیوی کپتان کین ولیمسن کا کپتانی کا تجربہ سرفراز احمد سے تھوڑا زیادہ ہے، انہوں نے اب تک17 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی ہے جس میں انہیں نو میں کامیابی اور چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ چار میچ ڈرا ہوئے۔
کین ولیمسن کا شمار دنیا کے ٹاپ بیٹسمیوں میں کیا جاتا ہے، ولیمسن نے65 میچوں میں 50.35 کی اوسط سے5,338 رنز بنائے ہیں۔
قومی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں میدان میں اترے گی، پاکستان ٹیم کی بیک بون کہلانے والے اظہر علی اور اسد شفیق ٹیم کا حصہ ہیں جب کہ ان فارم محمد حفیظ بھی سرفراز احمد کا موثر ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ون ڈے میں زخمی ہونے والے فخر امام بھی فٹ ہیں اور فائنل الیون کا حصہ ہیں۔ بابراعظم بھی ون ڈے کی فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
فاسٹ بالنگ میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے پاکستان کو محمد عباس، حسن علی اور میرحمزہ کے ساتھ ان فارم شاہین آفریدی کی خدمات حاصل ہوں گی، جبکہ اسپن بالنگ اٹیک اسٹار بالر یاسرشاہ اوربلال آصف کے ساتھ نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دے گا۔
نیوزی لینڈ
کیوی ٹیم کو85 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ 36 میچوں میں 6 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے ٹام لیتھیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
فاسٹ بالنگ ڈیپارٹمنٹ میں کیویز کے پاس تجربہ کار ٹم ساؤتھی ہیں جن کی ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 220 ہے۔سوڈی اور اعجاز پٹیل اسپن ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ٹیم کا حصہ ہیں۔