نعت رسول ؐ …… عابد سعید عابد
میرے دل میں بس گئی خوشبوئے بستان رسولؐ
اوج قسمت دیکھئے میں ہوں ثناء خوان رسولؐ
یوں مشام جاں سے گزری آج طیبہ کی ہوا
جیسے دامن میں لئے ہو بوئے دامان رسولؐ
دل دھڑکتا ہے مگر آداب سے غافل نہیں
کس قدر ہے خاطر مضطر پہ احسان رسولؐ
بندگان سیم و زر یہ اور وہ ان سے غنی
بادشاہوں سے کہیں بالا ہے دربان رسولؐ
ہوگیا سر اطاعت جب سے مجھ پر منکشف
سانس بھی لیتا ہوں عابد زیر فرمان رسولؐ