ٹریفک قوانین پر عمل کرکے حادثات اور جانی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے،اے آئی جی موٹروے
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ٹریفک قوانین پر عمل کرکے حادثات اور جانی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے،پولیس کا کام صرف عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا ہے،ملک کی پچاس فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جوزیادہ تر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں،ٹریفک قوانین پر اگر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تو عوام ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں،ہمارے دین نے ہمیں اپنے جان و مال کی حفاظت کرنے کے طریقے بتائے ہیں،اگر ہم ڈسپلن کی خلاف ورزی کریں گے تو ہر جگہ ناکامی اور نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہارایڈیشنل انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس غلام رسول زاہد نے پنجاب گروپ آف کالجز کے زیراہتمام اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے تعاون سے ’’روڈسیفٹی سیمینار‘‘میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر موٹروے پولیس کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل محمد اشفاق ،ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر۴ چوہدری محمداکرم، ڈاکٹراحمد عبداللہ،ماہر نفسیات ڈاکٹر وہاب یوسفزئی، ظاہر شاہ،پرنسپل محمد شاہد کے علاوہ موٹروے پولیس کے افسران اورپنجاب کالج کے طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔اے آئی جی موٹرویزپولیس غلام رسول زاہد نے کہا ہے کہ زندگی اللہ کی امانت ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے،اگرروڈ کا استعمال کرنے والے غلط طریقے سے ڈرائیونگ کریں گے تو وہ اپنا اور دوسروں کا نقصان کریں گے اس لئے روڈ یوزر اور خاص طور پر نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک کے قوائد و ضوابط پر عمل کریں،سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وہاب یوسفزئی نے کہا کہ اکثر ٹریفک حادثات انسانی رویے کی وجہ سے پیش آتے ہیں،گاڑی چلاتے وقت ذہنی دباو،نیند اور نشے کی حالت میں بیشتر ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں اس لئے گاڑی چلانے والے فرد کو ہوش و حواس میں رہنا چاہیے،دیگر مقررین نے بھی روڈ سیفٹی کے حوالے سے کالج کے طلباء کو ٹریفک ڈسپلن ،قوانین پر عمل کرنے کے فائدے اور خلاف ورزی کے نقصانات بتائے،قبل ازیں موٹر پولیس کی جانب طلباء کو ایک ڈاکومنٹری کے ذریعے روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر کالج انتظامیہ اورموٹروے پولیس کی جانب سے مہمان خصوصی اوردیگر مقررین کو سوونیئرزو شیلڈز پیش کی گئیں۔