ہائیکورٹ بنچ‘ سیشن عدالت سرگودھا میں وکلا کی توڑ پھوڑ‘ صدر‘ سیکرٹری بار سمیت 20 کیخلاف مقدمہ
سرگودھا/ چنیوٹ/ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل سیشن جج عتیق الرحمان کے حکم پر عدالتوں میں توڑ پھوڑ کرنے والے وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں انسداد دہشتگری اوردیگر دفعات شامل ہیں۔ مقدمہ ڈسٹرکٹ بار کے صدر عنصر بلوچ، جنرل سیکرٹری سعداللہ وڑائچ سمیت 20 وکلا کے خلاف درج کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ بار نے آج سے عدالتوں اور سرکاری دفاتر کی تالا بندی کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق دسٹرکٹ بار سرگودھا کی طرف سے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے لیے احتجاجاً عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا صبح سے ہی وکلا نے کچہری روڈ بلاک کرکے دھرنا دے رکھا تھا اس دوران ایڈیشنل سیشن جج عتیق الرحمن کی عدالت میں وکیل کو طلب کیا گیا جس پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر عنصر بلوچ، جنرل سیکرٹری بار و پی ایچ اے کے چیئر مین سعد اللہ وڑائچ سمیت دیگر وکلا عدالت میں پہنچ گئے جہاں پر جج کی عدم موجودگی میں ان کی طرف سے عدالتی عملہ کے ساتھ تلخ کلامی کی اور عدالت میں پڑی کرسیاںاور شیشے توڑ ڈالے۔ وکلا نعرے لگاتے ہوئے عدالت سے باہر آئے تو عدالت میں توڑ پھوڑ اور اہلکار کو ہراساں کرنے کا معاملہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری امیر محمد خان کے علم میں لایا گیا جس کے بعد ڈی پی او حسن رضا دو گھنٹے تک احاطہ کچہری میں موجود رہے۔ بعدازاں تھانہ کینٹ پولیس نے صدر بار عنصر بلوچ، جنرل سیکرٹری بار سعد اللہ وڑائچ سمیت 20نامزد وکلا کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر عنصر بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے لیے کوشاں ہے حکومت طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیتی کیا۔ آج سے تمام عدالتوں اور سرکاری دفاتر کی تلا بندی کی جائے گی اور احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا وہ مقدمات سے نہیں ڈرتے اس تحریک کے لئے لہو بہانے کو تیار ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن میں ہائیکورٹ بنچ کیلئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چنیوٹ نے ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کیا۔ صدر بار فضل حسین کالرو، جنرل سیکرٹری قیصر شہزاد، گرینڈ الائنس کے شاہد یعقوب چودھری اور دیگر وکلاء نے کہا فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کی اشد ضرورت ہے۔ سائلین اور وکلاء کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے فوری طور ہائیکورٹ بنچ کے قیام کا اعلان کیا جائے۔ گوجرانوالہ میں بھی وکلا نے ہائیکورٹ کے علاقائی بنچ کا قیام نہ ہونے کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا جبکہ وکلاء نے دیگر عدالتوں کو بھی تالے لگا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلاء برادری نے ہائیکورٹ کے علاقائی بنچ کا قیام نہ ہونے کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔ اس دوران وکلاء برادری نے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت، بینکنگ کورٹ، کنزیومر کورٹ، اے سی سٹی عدالت اور اے ڈی جی کی عدالتوں کو بھی تالہ لگا دیا اس موقع پر صدر بار نو ر محمد مرزا، سیکر ٹری بار ظہیر احمد چیمہ نے کہا کہ ہم یہ احتجاج پر امن کر رہے ہیں ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ہمیں ہائی کورٹ بنچ دیا جائے جو کہ ہمارا بنیادی اور قانون کے مطابق مطالبہ ہے ہم پڑھے لکھے وکلا ہیں ہم پُر امن احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج میں سابقہ صدر بار چوہدری پرویز احمد اوٹھی، سابقہ صدر باروقار حسین بٹ، سابقہ صدر بارچوہدری خالد لطیف، سابقہ صدر بارعامر منیر باگڑی، سابقہ صدر بارچوہدری عرفان سعید، اعجاز ملہی، محسن یعقوب بٹ اور اکثریت تعداد میں وکلا نے شرکت کی۔