بوہرہ برادری ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے‘ عارف علوی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) داؤدی بوہرہ جماعت کے ایک وفد نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر نے اس موقع پر داؤدی بوہرہ برادری کی پاکستان کے سماجی اور معاشی ترقی میں کردار کو سراہا۔ صدر نے فاؤنڈیشن کی طرف سے ملک کے ماحول کو صحت مند بنانے کے لئے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو گرین اور کلین بنانے کے لئے ایک قومی مہم شروع کی ہے تاکہ پاکستان پر عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے مرتب ہونے والے اثرات سے نمٹا جا سکے۔ صدر نے بوہرہ برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سرسبز اور صاف بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ بوہرہ برادری کے وفد نے صدر کو بتایا کہ وہ پاکستان کو گرین بنانے کے لئے پانچ لاکھ پودوں کا ایک تحفہ دے رہے ہیں۔ صدر نے بوہرہ برادری کے اس جذبہ کو سراہا۔