اوکاڑہ: پولیس بھرتی کیلئے دوڑ ٹیسٹ کے دوران نوجوان امیدوار ہارٹ اٹیک سے جاں بحق
گوجرانوالہ/اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی /نامہ نگار) اوکاڑہ میںپولیس بھرتی کیلئے دوڑ ٹیسٹ کے دوران نوجوان امیدوار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق، گوجرانوالہ میں 2خواتین امیدوار دوڑلگاتے گر کر بے ہوش ہوگئیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق طیب سعید شہید پولیس لائنز اوکاڑہ میں امید وار بشیر احمد ولد محمد سرور سکنہ 27/4Lٹریک ایل بی ڈی سی نہر پر دوڑ رہا تھا ،کچھ فاصلہ طے کرکے طبیعت خراب ہونے پر گر گیا۔ ریسکیویمبولینس سے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا راستے میں دم توڑ گیا۔ ابتدائی رپوٹ کے مطابق نوجوان کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی،تاہم پوسٹمارٹم کے بعدوجہ مو ت کی تصدیق کی جائے گی۔گوجرانوالہ محکمہ پولیس میں کانسٹیبلوں کی سو آسامیوں پر بھرتی ہونیوالے امیدوار کی دوڑ کے ٹیسٹ کا انعقاد چند داقلعہ کے قریب لیا گیا۔ لڑکے اور لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 12سو 83 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 103خواتین بھی شامل تھیں، لڑکوں کی دوڑ میں بھی کئی امیدوار راستے میں ہی گر پڑے ۔خواتین کی دوڑ میں کچھ تو راستے میں ہی تھک ہار کر بیٹھ گئیں دس منٹ کی دوڑ کے دوران دو خواتین بیہوش ہوگئیں جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر طبی امداد فراہم کی ۔