پانچ چھ سال کی کرکٹ باقی، کارکردگی سے کم بیک کروں گا : کامران اکمل

16 نومبر 2014

لاہور (نمائندہ سپورٹس) میری پانچ چھ سال کی کرکٹ باقی ہے، ہمیشہ کی طرح کارکردگی کے ذریعے ہی ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے کم بیک کروں گا۔ میرا ہدف صرف عالمی کپ نہیں ہے، آئندہ پانچ چھ سال تک بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا خواہشمند ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی حالیہ کامیابیوں میں سینئر کھلاڑیوں کا کردار اہم رہا ہے۔ مصباح او ریونس نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے، کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بھی مشکل وقت میں مصباح الحق کو سپورٹ کرکے کپتانی کے امیدواروں کو خاموش کروایا۔ اس دلیرانہ فیصلے سے ٹیم کے اندر کپتانی کے حوالے سے چلنے والی خبریں ختم ہوئیں۔ چند لوگوں نے بروقت ٹیم پر تنقید کی عادت اپنا لی ہے، یہ درست طریقہ کار نہیں ہے۔