پاکستن نیوزی لینڈ سیریز : کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ‘ سیریز جیتیں گے : مصباح الحق‘ یونس خان
دبئی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کل مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان سمیت کیویز نے بھی پہلے میچ کے شکست خوردہ سکواڈ کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں احمد شہزاد کی جگہ توفیق عمر سے اننگز کا آغاز کرانے کا امکان ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں باﺅلنگ ایکشن مشکوک قرار پانے والے محمد حفیظ بھی ٹیم میں شامل ہیں البتہ اگر وہ ہمسٹرنگ انجری سے چھٹکارا نہ پا سکے تو دوسرے اوپنر شان مسعود ہو سکتے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کامیابیاں سپن پچز کی مرہون منت نہیں بلکہ شاندار فتح ٹاپ باﺅلرز کی جدوجہد کا نتیجہ ہےں۔کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔احمد شہزاد کی جگہ کس کو کھلانا ہے میچ سے قبل فیصلہ ہو جائے گا۔ ناکامی کے باوجود کیوی کوچ نے پہلے ٹیسٹ کے سکواڈ کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔کوچ نے کہا ہے کہ شکست کا الزام صرف باﺅلنگ کو دینا مناسب نہیں۔ پہلے میچ میں پاکستان نے ٹیم کو تینوں شعبوں میں آو¿ٹ کلاس کیا۔ کوچ نے ٹیم کو کنڈیشنز کے مطابق ہر شعبے میں اچھا پرفارم کرنے کی امید کا اظہار کیا۔ دونوں ٹیمیں بھرپورتیاری کررہی ہیں،قومی ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا اورآج پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کیرئیرکے بہترین دور سے گزر رہے ہیں اور مزید اچھی پرفارمنس دینے کیلئے پرعزم ہیں۔کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے۔ آل راونڈ محمد حفیظ کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے۔پاکستان کو سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل ہے۔