محکمہ سکول ایجوکیشن کو تجربہ گاہ نہ بنایا جائے: پنجاب ٹیچرز یونین
لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنماؤںنے کہاہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن سات برس سے افراتفری کاشکار ہے، اسے تجربہ گاہ نہ بنایاجائے ، غیرملکی مشیران تعلیم ہمارے ملک کے زمینی حقائق سے آگاہ نہیں، ٹیچنگ لائسنس پروگرام وقت اور پیسے کا ضیاع ہے اسے ختم کیا جائے اور اساتذہ کو درپیش مسائل کو حل کیاجائے۔مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی، امتیاز احمد عباسی ، چوہدری محمد سرفراز، رانا لیاقت علی، جام صادق ، رانا انوار، ملک سجاد اختر اعوان، عبدالقیوم راہی، امتیاز طاہر ودیگر نے کہا کہ نت نئی اصلاحات نے اساتذہ میں خوف و ہراس کی فضاء پیدا کر رکھی ہے اور ہر ناکامی کا ذمہ دار اساتذہ کو ٹھہرا کر سخت سزائوں کے ذریعے ان کا معاشی استحصال کیا جار ہا ہے۔