تبدیلی اور انقلاب کے جھوٹے خواب دکھانے والے جلد بھاگ جائینگے: زعیم قادری
لاہور (پ ر) رکن پنجاب اسمبلی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ تبدیلی اور انقلاب کے جھوٹے خواب دکھانے والے جلد بھاگ جائیں گے۔ کیا روزانہ اور ہر شام جلسوں سے عوامی مسائل حل ہوسکتے ہیں؟ ساہیوال کے باشعور عوام الزامات سے بھری روایتی تقریریں سن کر مایوس ہوئے۔ تحریک انصاف نے سیاست میں بدتہذیبی اور ناشائستگی کا کلچر متعارف کروایا۔ عمران خان نے تقریروں میں ’’اوئے اوئے‘‘ اور جھوٹے الزامات کے سوا کچھ نہیں کہا۔ تحریک انصاف لیڈرشپ کے رویئے کی وجہ سے فاشسٹ جماعت بن کر رہ گئی ہے۔ انکے غیرشائستہ رویئے نے عوام کو پی ٹی آئی سے بددل کر دیا۔ زعیم قادری نے کہا کہ خیبر پی کے کے عوام کا پیسہ دھرنوں پر بے دریغ خرچ کیا جا رہا ہے، قوم اسکا حساب لے گی۔ شیخ رشید کی بڑھکیں ’’کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ‘‘ کے مترادف ہیں۔ شیخ رشید کی بے معنی چیخ و پکار پر کوئی کان نہیں دھرنا۔ عوام اب صرف عمران خان اور شیخ رشید کا تماشہ دیکھنے جاتے ہیں۔ ساہیوال کے جلسے میں عوام کی لاتعلقی سب کے سامنے ہے۔