موٹر وے تصادم کیس، پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت سے طاہر القادری سمیت 60 افراد کے وارنٹ حاصل کرلئے

16 نومبر 2014

بھیرہ (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت سے پولیس نے طاہر القادری سمیت 60 افراد کے وارنث گرفتاری حاصل کرلئے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد اکمل خان نے جاری کئے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے موٹروے پر پولیس کی 13 گاڑیوں کو نذرآتش کیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت سرگودھا سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے بعد پولیس ان میں سے کسی ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ تھانہ بھیرہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں علامہ طاہر القادری سمیت 331 نامزد جبکہ 6 ہزار نامعلوم پی اے ٹی کے کارکنوں کے خلاف الزام تھا کہ انہوںنے بھکر، میانوالی، خوشاب، جوہر آباد وغیرہ کے پی اے ٹی کے کارکنوں پر مشتمل ایک بڑا جلوس نکالا اور ماڈل ٹائون لاہور میں پی اے ٹی کے شہید کارکنوںکی قرآن خوانی میں شامل ہونے کیلئے آتے ہوئے قائد آباد پولیس سٹیشن کو جلا ڈالا اور  للّہ انٹر چینج سے موٹر وے پر پولیس کو بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا۔