مشرقی افغانستان میں ڈرون حملہ، 2 غیرملکیوں سمیت 10 عسکریت پسند ہلاک

16 نومبر 2014

ہرات (اے پی پی)مشرقی افغانستان کے صوبہ نورستان میں ڈرون حملے میں 10سے زائد عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔قندوز میں آپریشن60 شدت پسند مارے گئے۔ صوبہ نورستان میں اتحادی فوج نے بغیر پائلٹ طیارے کے ذریعے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10سے زائد عسکریت پسند ہلاک جبکہ 4سے زائد زخمی ہوگئے۔ نورستان کے قائم مقام گورنر حا فظ عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسندوں میں دو غیر ملکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ایک اور واقعے میں صوبہ فرح کے چیف پولیس آفیسر رزاق یعقوبی پر شدت پسندوں کی طرف سے سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچ گئے تاہم ان کے تین محافظ ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں افغانستان کے سرکاری ٹی وی چینل کا ایک صحافی بھی شدید زخمی ہوگیا۔ افغان طالبان کے ترجمان نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔