استعفوں کی منظوری کیلئے انفرادی تصدیق ضروری ہے: سپیکر خیبر پی کے کا اعتراف

16 نومبر 2014

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وفاق میں استعفے اکٹھے منظور کرنے کا مطالبہ کرنیوالی تحریک انصاف کا خیبر پی کے میں موقف بالکل مختلف ہے۔ سپیکر اسد قیصر کہتے ہیں استعفوں کی منظوری کیلئے انفرادی تصدیق ضروری ہے۔ اپوزیشن والے انکے پاس آتے تو وہ پہلے انفرادی تصدیق ضرور کرتے۔ پشاور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کے موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ سے استعفوں کی منظوری کیلئے انفرادی تصدیق ضروری ہے۔ اس موقع پرسراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت استعفے منظور نہ کرے۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی امور پر بات کی۔ اسد قیصر نے کہا ارکان کے استعفے میرے پاس آتے تو ان سے قانون کے مطابق سلوک کرتا، ارکان کی انفرادی طور پر تصدیق بہت ضروری ہے۔ میں انفرادی تصدیق کے بغیر استعفے قبول نہ کرتا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔ حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت میں معاملے کے حل کی خواہش موجود ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے مذاکراتی ٹیم کا اعلان بھی نہیں کیا، اسلام آباد میں 16 نومبر کو سیاسی جرگہ ہو گا، بہت سے امور پر فریقین راضی ہو گئے ہیں۔ حکومت جن باتوں پر راضی ہو گئی ہے ان پر عملی اقدامات کریں۔ عمران خان اور قادری کے گرفتاری کے وارنٹ غیر سیاسی فیصلہ ہے۔