چاروا سیکٹر پر بھارتی فوج کی پھر گولہ باری، فائرنگ، متعدد گھروں کو نقصان پنجاب رینجرز کا بھرپور جواب
سیالکوٹ + جموں (آن لائن+ ثناء نیوز+ نیٹ نیوز) سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چاروا سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فا ئرنگ وگولہ باری کی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے جدید ہتھیار استعمال کئے اور درجنوں مارٹر گولے بھی پاکستانی علاقوں میں پھینکے جس سے لوگوں کے مکانات کو نقصان پہنچا۔ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی گولہ باری وفائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ تاہم بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے پاکستانی دیہاتوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق بی ایس ایف کے عہدیدار نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان رینجرز نے جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی تاہم اس سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔