پاکستان پولیو پھیلانے والاواحد ملک‘ وائرس3 بار افغانستان منتقل ہوچکا: عالمی ادارہ صحت

16 نومبر 2014

جنیوا (آن لائن+ بی بی سی) عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو  دنیا بھر میں پولیو وائرس  پھیلانے والا واحد ملک قرار دے دیا۔ عالمی ادارہ صحت کی ریگولیشن ہیلتھ کمیٹی نے پولیو وائرس پر قابو نہ پانے والے ممالک پر سفری پابندیوں کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ پاکستان کو چھ ماہ میں پولیو وائرس پر قابو پانے کی ڈیڈ لائن‘ کیمرون‘ گنی‘ پاکستان اور شام پر سفری پابندیاں بدستور برقرار عالمی ادارہ صحت کی  ہیلتھ کمیٹی نے  دنیا بھر سے پولیو  کے خاتمے کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان واحد ملک ہے جس سے پولیو دنیا میں پھیل رہا ہے، رواں برس جولائی سے اب تک 3 بار پولیو وائرس پاکستان سے افغانستان منتقل ہو چکا ہے۔ کمیٹی  نے کہا ہے کہ پولیو سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی کو بھی  بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ عالمی ادارہ صحت  کا کہنا ہے کہ اگر  پولیو وائرس سے متعلق  دی گئی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو  پاکستانی مسافروں کی سکریننگ کی جائیگی۔ مزید برآں بی بی سی کے مطابق امریکہ کی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول یا امراض پر قابو پانے کے مرکز کے ماہرین نے کہا ہے کہ اقوامِ عالم پہلی دفعہ پولیو کے مرض کو شکست دینے والی ہے لیکن پاکستان میں پولیو کے حوالے سے صورتِ حال پریشان کن ہے۔ امریکن سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) نے کہا ہے کہ پولیو کے مرض کو عالمی سطح پر ختم کرنے میں ایک ’اہم سنگِ میل‘ عبور کیا گیا ہے۔