بھارتی سرحد کے ساتھ چینی فورسز پاکستانی فوج کو تربیت دے رہی ہیں : بھارت کا نیا شوشہ

16 نومبر 2014

کراچی (نیٹ نیوز)بھارتی اخبار” ٹائمز آف انڈیا“ نے ایک رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سرحد کے ساتھ چینی فوج پاک فوج کے جوانوں کی تربیت کر رہے ہیں۔ اخبار کے مطابق بھارتی حکومت اور فوج کو بھارتی سرحد کے ساتھ چینی فوج کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں کی تربیت کرنے پر سخت تشویش ہے۔ بی ایس ایف انٹیلی جنس ونگ کی طرف سے پیش ایک رپورٹ کے مطابق چینی فوج بین الاقوامی سرحد کے راجوڑی سیکٹر میں پاک فوج کے جوانوں کو ہتھیار ہینڈلنگ کی تکنیک کی تربیت دیتے دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عموماً سرحد کی حفاظت پر مامور پاک رینجرز اہلکار تعینات ہوتے ہیں مگر سری نگر سیکٹر میں پیرا ملٹری پوسٹوں پر رینجرز کی جگہ پاک فوج نے پوزیشن سنبھال لی ہے اور حال ہی میں پنجاب کے ابو بار اور گوداسپور سیکٹر ز میں پاکستان نے نئے آبزرویشن ٹاور نصب کر دیئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک فوج اور رینجرز سٹریٹجک مقامات اور پوسٹوں پر سناپرز اور شارپ شوٹر کی تعیناتی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بی ایس ایف کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کی مخصوص پوسٹوں پر پاک فوج کے کمانڈوز کے سپیشل سکواڈ تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
بھارت کا شوشہ