ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی‘ گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونیوالا چل بسا

16 نومبر 2014

لاہور+فیروزوالا (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) شادمان کے علاقہ میں تیزرفتار کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہونیوالا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ کار سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دیگر حادثات میں 2 جاں بحق 5 زخمی ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ شادمان کے علاقے جیل روڈ پر تیزرفتار کار نے سڑک عبور کرنے والے امجد کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ جی ٹی روڈ پر داؤکے قریب تیزرفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو روند ڈالا جو شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ لاہور، اسلام آباد ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ کالاخطائی روڈ پر کار جنگلی جانور سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں کار سوار دو عورتوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ تیزرفتار کار کی زد میں آ کر ایک خاتون پروین بھی شدید زخمی ہو گئی۔