پاکستان بھارت تنازعہ حل ہوگیا ‘ اپیل انڈیا میںفون نہ تیارکرائے ‘ ٹرمپ : صدراامارت سے ملاقات 

May 16, 2025

دوحہ؍ ابو ظہبی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں ہم ایران کے ساتھ ڈیل کرنے کے بہت قریب آ گئے ہیں۔ ہم روس اور یوکرائن کے ساتھ اچھا کام کرنے جا رہے ہیں، امید ہے کہ روس، یوکرائن کچھ کریں، اسے رکنا ہی ہو گا۔ اگرمناسب ہوا تو آج  ترکیہ میں روس یوکرائن مذاکرات کے لیے جاؤں گا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکا کو زیرو ٹیرف ڈیل کی پیشکش کی ہے جب کہ خلیجی ممالک کے دورے کے دوران 4کھرب ڈالر تک ڈیل ہو سکتی ہے۔ خلیجی ممالک کادورہ ریکارڈ دورہ ہے، 4 سے 5 روز میں ساڑھے3 سے 4 کھرب ڈالر تک ڈیل ہو سکتی ہے۔ مزید برآں ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کا تنازعہ حل ہو گیا، ان کی ترجیح تنازعات کا خاتمہ ہے۔ انہیں شروع کرنا نہیں پاکستان اور بھارت سے کہا ہے جنگ کی بجائے تجارت کریں، تجارت بڑھانے کی بات پر پاکستان اور بھارت خوش ہیں۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر غزہ کو تحویل میں لینے کا بھی اشارہ دیا اور کہا کہ غزہ کو فریڈم زون بنائیں اور اس میں امریکا کو شامل ہونے دیں ،ان کے غزہ کیلئے بہت اچھے مصنوبے ہیں ۔افغانستان کی بگرام ائر بیس کسی کو نہیں دیں گے ،اپنے پاس رکھیں گے اپنے شراکت داروں کے دفاع کیلئے طاقت کے استعمال میں نہیں ہچکچائیں گے۔   علاوہ ازیں  ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل سے بھارت میں آئی فونز تیار نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی صدر کے مطابق انہوں نے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک سے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ٹیکنالوجی کمپنی اپنی پراڈکٹس بھارت میں تیار کرے۔ مجھے ٹم کک کے ساتھ کچھ مسئلہ ہوا تھا، میں نے انہیں کہا کہ میرے دوست میں نے آپ کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا، آپ یہاں 500 ارب ڈالرز لانے والے تھے مگر اب میں نے سنا ہے کہ آپ سب کچھ بھارت میں بنا رہے ہیں اور میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو'۔امریکی صدر نے کہا کہ 'میں نے ٹم کک سے کہا کہ ہم نے آپ کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا اور چین میں جو پلانٹس آپ نے تعمیر کیے انہیں قبول کیا، مگر ہم بھارت میں ان کی تعمیر میں دلچسپی نہیں رکھتے، بھارت اپنا خیال خود رکھ سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آپ امریکا میں ان کی تعمیر کریں'۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایپل کی جانب سے امریکا میں پروڈکشن کو بڑھایا جائے گا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت سب سے زیادہ ٹیرف والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس کی جانب سے جس ڈیل کی پیشکش امریکا کو کی گئی ہے اس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ امریکا سے کوئی ٹیرف نہیں لینا چاہتے۔ابو ظہبی پہنچ گئے یو اے ای صد رشیخ محمد بن زاہد النیہان نے ٹرمپ کا استقبال کیا۔ٹرمپ نے قطر کے العدید ائر بیس پر تعینات ہزاروں امریکی فوجیوں سے خطاب کے بعد اپنے مخصوص انداز میں ہاتھ لہرا کر رخصتی کا منظر یادگار بنا دیا۔ خطاب کے بعد جب وہ سٹیج  سے رخصت ہو رہے تھے تو پس منظر میں بجنے والے معروف ڈسکو پر انہوں نے مخصوص انداز میں مکے لہرا کر سب کو حیران کر دیا۔  ٹرمپ نے عرب امارات کے دورے میں اماراتی ہم منصب شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔ اماراتی صدر نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں اضافے کے خواہشمند ہیں۔ ٹرمپ کی صدارت میں امریکہ امارات تعلقات میں قابل ذکر وسعت آئی۔ ٹرمپ نے یو اے ای کے امریکہ میں ایک کھرب  400 ارب ڈالر سرمایہ کاری منصوبے کو سراہا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور یو اے ای کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ صدر شیخ محمد بن زاید کی امریکہ آمد کے منتظر رہیں گے۔ اماراتی صدر نے پریذیڈنٹ ٹرمپ کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

مزیدخبریں