سری نگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعرات کو ضلع پلوامہ میں مزید تین کشمیری نوجوانوںکو شہید کر دیا۔ قابض فوج نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نوجوانوں کو علاقے نادر لورگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ادھر حزب المجاہدین نے دعوی کیا ہے کہ اونتی پورہ،ترال مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز اور حزب المجاہدین سے وابسطہ شاہینوں کے درمیان خونریز معرکہ آرائی میں متعدد قابض بھارتی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے،ترجمان حز ب نے کہاکہ قابض بھارتی فورسز کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے حزب المجاہدین سے وابسطہ 3 حریت پسند شہید ہوگئے ۔ علاو ہ ازیں ضلع راجوری میں ایک بھارتی پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی لاش پراسرار حالات میں برآمد ہوئی ہے۔دوسری جانب مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے بھارتی جارحیت کے خلاف ایک موثر جوابی کارروائی پر کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان اور پاک افواج کو مبارکباد دی گئی ہے۔ پوسٹر وں میں پاکستانی پرچم کے علاوہ رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو گرانے والے جے 10سی کی تصویربھی موجود ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے یہ پوسٹر کئی آزادی پسند تنظیموں نے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں کیے ہیں۔پوسٹروں میں لکھا ہےآپریشن بنیان مرصوص،بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف پاکستان کا دندان شکن جواب ،پاکستان نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ جبکہ سابق وزیراعلی و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ، جنگ سے صرف اور صرف معصوم جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ امن کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں۔
مقبوضہ کشمیر : قابض جوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ِ، مزید 3بے گناہ نوجوان شہید
May 16, 2025