ڈینگی کیخلاف متواتر آگاہی مہم ہر سطح پر جاری رکھی جائیگی ، اے ڈی سی جی اشعر اقبال
چکوال(نامہ نگار) حکومتِ پنجاب نے ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر عملدرآمد کے تسلسل میں ایس او پیز پر مبنی خصوصی گائیڈ لائن جاری کی ہے جس میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بارے عوامی آگاہی عام کرنا اور ڈینگی کے خلاف ویکٹر سرویلنس بنیادی ضرورت ہے تاکہ ڈینگی کی افزائش کے امکانات کا مکمل سد باب کر کے صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ بات اے ڈی سی جی اشعر اقبال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ، میونسپل اداروں و دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی سی جی نے ڈینگی سرویلنس سسٹم کو پوری طرح مستحکم رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل اور ذرائع کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام میونسپل ادارے اور دیگر سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل سطح کے دفاتر کی انتظامیہ ڈینگی کنٹرول ایس او پیز پر حسبِ منشا عملدرآمد کے ضمن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی رہنمائی میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، تمام سرکاری دفاتر، تجارتی اور کاروباری مراکز سمیت کسی بھی جگہ ڈینگی کی افزائش کے امکانات تک پیدا نہ ہونے پائیں۔