پاکستان بیس بال ٹیم کا ٹریننگ کیمپ گوجرانوالہ میں شروع
لاہور(اسپورٹس رپورٹر )ورلڈ بیس بال کلاسک میں شرکت کے لئے پاکستان بیس بال ٹیم کا ٹریننگ کیمپ اجواسٹی گوجرانوالہ میں شروع کردیا گیا ہے۔کیمپ کا مقصد پاکستان ٹیم کو سائوتھ ایشین گیمز، ایشین گیمز اور رواں سال ستمبر میں پانامہ سٹی میں شیڈول ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر 2022 میں شرکت کے لیئے تیار کرنا ہے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ بیس بال۔کلاسک کوالیفائر میں حصہ لے رہی ہے۔ ایونٹ 28 ستمبر سے پانامہ میں کھیلا جائے گا۔کیمپ میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے کوچ رینڈل آرمز پچنگ کے شعبے میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔فیڈریشن نے ان کی خصوصی خدمات ایک ماہ کے لئے حاصل کی ہوئی ہیں۔ رینڈل آرمز پچنگ میں مہارت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کیمپ میں اس شعبے پر زیادہ فوکس کیا جارہا ہے۔فخر علی شاہ کا مذید کہنا تھا کہ امریکی کوچ کی موجودگی میں قومی کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ ایشین گیمز ملتوی ہو چکے ہیں اس لئے اب ہمارا ہدف ورلڈ بیس بال کلاسک کی بھرپور تیاری ہے۔ نئی حکومت آنے سے امید ہے کہ اب کھیلوں کے حالات بہتر ہوں گے اور حکومت بیس بال فیڈریشن کی بھرپور معاونت کرے گی۔